مشیر صحت احتشام علی کا حیات آباد برن اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کا دورہ

مشیر صحت خیبر پختونخوا، ایڈووکیٹ احتشام علی نے آج حیات آباد برن اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ مشیر صحت نے مریضوں سے ملاقات کی، ان کی عیادت کی، اور ان کی صحت کے متعلق استفسار کیا، خاص طور پر اپنے حلقے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی خصوصی طور پر خیریت دریافت کی۔ مشیر صحت نے کہا کہ ”برن سنٹر خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، اس سے قبل یہاں کے مریض علاج کے لیے ملک کے دیگر علاقوں میں جانے پر مجبور ہوتے تھے۔” سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تہمید اللہ نے مشیر صحت کو ادارے کے افعال اور مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 میں قائم ہونے والا یہ 120 بستروں پر مشتمل برن سنٹر جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جس میں 8 آپریشن تھیٹرز شامل ہیں، جن میں سے 4 ماڈیولر آپریشن تھیٹر ہیں۔ برن سنٹر میں 8 بستروں پر مشتمل ایک جدید آئی سی یو اور 10 بستروں پر مشتمل ٹراما ایچ ڈی یو بھی موجود ہے۔ نرسنگ سٹاف کو برن مریضوں کی خصوصی دیکھ بھال کی تربیت دی گئی ہے۔ ڈاکٹر تہمید اللہ نے بتایا کہ برن سنٹر صرف خیبر پختونخوا ہی نہیں بلکہ شمالی پنجاب، گلگت بلتستان اور افغانستان کے مریضوں کو بھی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ سنٹر جلد ہی افغانستان کے ساتھ مریضوں کے علاج کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے جا رہا ہے۔ پچھلے سال 9000 سے زائد مریضوں کا علاج یہاں کیا گیا، اور 2018 سے لے کر اب تک مریضوں کی تعداد میں 66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ او پی ڈی میں بھی 242 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے تحت گزشتہ سال 19,391 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ پاکستان میں ہر سال تقریباً 13 سے 15 لاکھ برن کیسز ہوتے ہیں، جن میں سے 10 فیصد مریضوں کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے۔ ان میں سے 15 سے 20 فیصد مریض معذور ہو جاتے ہیں یا انہیں متعدد سرجریز سے گزرنا پڑتا ہے۔ مشیر صحت کو یہ بھی بتایا گیا کہ برن سنٹر اس وقت انسانی وسائل کی کمی کا سامنا کر رہا ہے، اور 103 پوسٹیں خالی ہیں، کیونکہ زیادہ تر سپیشلائزڈ نرسز بیرون ممالک میں ملازمت اختیار کر چکے ہیں۔ ادارہ جلد ہی خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے تحت برن سرجری میں پوسٹ فیلوشپ ڈپلومہ اور نرسنگ کے لیے پلاسٹک سرجری میں ایک سالہ ڈپلومہ شروع کرنے جا رہا ہے۔ یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جہاں لیمفیٹک سرجریز کی جاتی ہیں۔برن سنٹر میں تمام علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں