خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے اعلان کیا ہے کہ پشاور یونیورسٹی میں سائیکلنگ ویلوڈرم جلد تعمیر کیا جائے گا۔جون میں ٹور ڈی کالام سائیکل ریس جبکہ انٹرپراونشل گیمز فروری میں کرائیں گے۔اس طرح اپریل میں ڈیرہ جات اور پولو مقابلے بھی کرائیں گے اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے میچ پشاور میں منعقد کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔وہ اتوار کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے تعاون سے منعقدہ ٹور ڈی پشاور سائیکل ریس کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے ٹور ڈی پشاور سائیکل ریس کے لئے انعامی رقوم میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ونر کو ایک لاکھ کے بجائے ڈیڑھ لاکھ‘ سیکنڈ پوزیشن ہولڈر کے لئے 75 ہزار کے بجائے ایک لاکھ‘ تھرڈ پوزیشن کے پلیئر کو پچاس ہزارکے بجائے 75 ہزار ملیں گے اور دس دس ہزار روپے والے چھوٹے انعامات میں بھی بیس ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے صوبے میں مدارس گیمزکرائے گئے،سپیشل پرسنز کے مقابلے کرائے گئے،ضم اضلاع،ریجنل گیمز،ہارس اینڈ کیٹل شو،میراتھن ریس اورآٹو کراس مقابلے بھی منعقد کرائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور خود بھی پلیئر ہیں اور انکی قیادت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق کام کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ قائداعظم گیمز میں گولڈ میڈل ونرز کو سکالر شپس جلد شروع ہوجائیں گے اور انٹر پراونشل گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیتنے والوں کے لئے پچیس ہزار ماہانہ سکالر شپس ملیں گے۔