چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ تعلیم کے محکمے پر ایک اعلیٰ سطحی بریفنگ منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے محکمے کے اہم اقدامات، کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں شفافیت کو فروغ دینے، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور تعلیمی نصاب کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اجلاس میں کالجز میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیے میرٹ پر مبنی اور شفاف نظام کا نفاذ، طلبہ کی ملازمت کے مواقع بڑھانے کے لیے نصاب کو جدید مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے، اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانے اور معیاری تدریس کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل تربیتی پروگراموں کا آغاز کرنے، مستحق طلبہ کی معاونت کے لیے مختلف وظائف کی فراہمی، اور صوبے کی جامعات کی مالی صورتحال اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور اس مقصد کے لیے اعلیٰ تعلیمی اصلاحاتی ورکنگ گروپ کے قیام کی ہدایت دی، جو پالیسی دستاویز تیار کرے گا اور اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط نظام وضع کرے گا۔ چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اور صوبے کے طلبہ کو جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔