سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے انصرام اختیارات کے دو روزہ اجلاس کا پشاور میں انعقاد، سینیٹر ڈاکٹر زرکا سہرووردی تیمور نے صدارت کی

سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے انصرام اختیارات کے دو روزہ اجلاس کا پشاور میں انعقاد، سینیٹر ڈاکٹر زرکا سہرووردی تیمور نے صدارت کی
سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے انصرام اختیارات کا دو روزہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت سینیٹر ڈاکٹر زرکا سہرووردی تیمور نے کی۔ اجلاس میں اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تناظر میں صوبائی حقوق سے متعلق امور کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جن کے حل کے لیے وفاقی اور بین الصوبائی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔اجلاس میں سینیٹر عبدالوسعی، سینیٹر ضمیر حسین گھمرو، سابق سینیٹر مہر تاج روغانی، سیکرٹری مشترکہ مفادات کونسل عمر رسول، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی خیبرپختونخوا، اور دیگر متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہائیڈرو پاور منصوبوں اور نیٹ ہائیڈرو منافع کے تحت خیبرپختونخوا کو نیٹ ہائیڈرو منافع کی منتقلی کے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضم اضلاع میں بجلی کے مسائل پر کمیٹی نے ٹیسکو کی فنڈنگ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور زور دیا کہ یہ ٹیسکو فنڈ کا استعمال صوبائی حکومت کی مشاورت سے کیا جائے تاکہ یہ فنڈز ضم اضلاع کے عوام کی بہتری کے لیے استعمال ہوں۔کمیٹی نے ضم اضلاع کے زیر التوا مالی واجبات کا جائزہ لیا، جس پر خیبرپختونخوا حکومت نے ان واجبات کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کی سابقہ سفارشات کی روشنی میں فاٹا انضمام سے جڑے امور اور عارضی طور پر بے گھر افراد کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی برائے تمباکو کے معاملے پرخیبرپختونخوا حکومت نے اپنا مؤقف دہرایا کہ تمباکو پر ایکسائز ڈیوٹی کو صوبے کا حق تسلیم کیا جائے۔اجلاس میں جنگلات کے محکمے کی وفاق کے ذمے پنشن واجبات،ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈز سے متعلق زیر التوا معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کی 3,147 تاریخی نوادرات کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا جو دیگر صوبوں کے قبضے میں ہیں اور موقف اختیار کیا گیا کہ یہ نوادرات فوری صوبے کو منتقل کی جائیں۔کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی بی بل کے مسودے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جسے خیبرپختونخوا حکومت نے سی سی آئی کی سفارشات کے مطابق تیار کرنا ہے۔اجلاس میں لائیو اسٹاک تحفظ کے لیے قرنطینہ کے اختیار کو صوبے کو منتقلی پر زور دیا گیا، اور خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس معاملے پر وفاقی حکومت اور متعلقہ کمیٹیوں سے باضابطہ رابطہ کرے۔ اجلاس میں پی ایس بی کوچنگ سینٹر اور یوتھ ہاسٹل خانس پور گلیات کی صوبے کو منتقلی کے معاملات بھی زیرِ غور آئے اور ایسے تمام سہولیات کو صوبے کو منتقل کرنے پر زور دیا گیا۔ سینیٹر ڈاکٹر زرکا سہرووردی تیمور نے آئینی دفعات پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت کو اہم قرار دیا اور کہا کہ 18ویں ترمیم کے من و عن عملدرآمد کے لئے ضروری ہے کہ ان تمام امور پر صوبائی حق نہ صرف تسلیم کیا جائے بلکہ فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔سینیٹر عبدالوسعی نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا کہ یہ امور وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائے جائیں گے تاکہ خیبرپختونخوا کے دیرینہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں