چینی کی بڑھتی قیمتوں پر وزیر خوراک خیبرپختونخوا کا سخت ردعمل

نااہل چچا اور نااہل بھتیجی کی ناقص پالیسیوں نے میٹھی چینی کو عوام کے لیے کڑوا بنا دیا ہے وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر یہاں سیجاری اپنے ایک بیان میں شدید ردعمل دیتے شہباز حکومت اور شوگر مافیا کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا ہے کہ نااہل چچا اور نااہل بھتیجی کی ناقص پالیسیوں نے میٹھی چینی کو عوام کے لیے کڑوا بنا دیا ہے۔وزیر خوراک نے کہا کہ شہباز حکومت اور شوگر مافیا نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت چینی برآمد کی، جس کی وجہ سے چینی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود نہیں تھی تو برآمد کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے اور یہ اقدام عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کا فائدہ جعلی حکومت اور شوگر مافیا کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔صوبائی وزیر نے مہنگائی کی صورتحال کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے تمام دعوے محض دکھاوا ہیں اور حقیقت میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ظاہر شاہ طورو نے مطالبہ کیا کہ چینی برآمد کرنے اور اب بڑھتی قیمتوں سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے سے فائدہ کس کو ہو رہا ہے اور اس سازش کے پیچھے کون ہے؟ صوبائی وزیر نے کہا ان تمام ذمہ داران کو عوام کے سامنے لانا چاہئیے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز حکومت کی ناقص پالیسیوں کی سزا اب غریب عوام بھگت رہے ہیں۔

مزید پڑھیں