عید قریب آتے ہی فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ناقص اور غیر معیاری سویٹس کے خلاف کارروائیاں تیز

متعدد بیکری یونٹس سیل، غیر معیاری تیل تلف، بھاری جرمانے عائد، فوڈ اتھارٹی حکام

وزیر خوراک خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے عیدالفطر قریب آتے ہی ناقص اور غیر معیاری سویٹس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ صوبہ بھر میں جاری آپریشن کے دوران متعدد بیکری اور پروڈکشن یونٹس کی انسپکشن کی گئی، جبکہ صفائی کی ناقص صورتحال اور مضر صحت و غیر معیاری اشیاء کے استعمال پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔کاروائیوں کے تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، مردان، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، لوئر چترال سمیت مختلف اضلاع میں رات گئے کارروائیاں کیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پشاور کے چارسدہ روڈ، دلازک روڈ اور گلبہار میں انسپکشن کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال پر 2 بیکری یونٹس سیل کر دیے گئے، جبکہ 20 لیٹر غیر معیاری تیل موقع پر ہی تلف کر دیا گیاترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایبٹ آباد، چترال، ڈی آئی خان، دیر اپر اور ہنگو میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد یونٹس کو امپروومنٹ نوٹسز جاری کیے گئے۔مزید تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں 3 بیکری اور پروڈکشن یونٹس سمیت مردان کے تحصیل کاٹلنگ، ہنگو، ڈی آئی خان، اپر دیر اور چترال میں غیر معیاری اور ناقص سویٹس کی فروخت پر جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائیوں پر انسپکشن ٹیموں کو داد دی اور کہ کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور غیر معیاری سویٹس کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو سخت کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں