وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات ہمایون خان کی زیر صدارت جمعرات کو جیل خانہ جات کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا جسمیں صوبہ بھر کی جیلوں کی صورتحال،مسائل و چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان محسود،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر حلیمہ اقبال،سنٹرل جیل پشاور کے سپرنٹنڈنٹ محمد وسیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔حکام نے معاون خصوصی کو محکمہ جیل خانہ جات کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف مسائل،چیلنجز و مشکلات سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی ہمایون خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جیلو ں میں بہتری کیلئے اصلاحات اور سہولیات مہیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں صفائی نظام میں بہتری اور قیدیوں کو اچھے کھانے مہیا کرنے کیلئے صوبائی حکومت خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے سلسلے میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور سردیوں کے موسم میں انکے لئے انتظامات کو مزید بہتر کیاجائے۔ معاون خصوصی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت جیل اصلاحات کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مزید ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔