خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ جیلوں میں بند قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے وزیرِ اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کے عوامی ایجنڈے کے تحت اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل درآمد جاری ہے۔ اسی ایجنڈے کے تحت جیلوں میں قیدیوں کی خوراک کے مینیو میں بہتری لائی گئی ہے جبکہ قیدیوں کی تفریح اور جسمانی صحت کے حوالے سے سپورٹس گالا جیسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ وہ سنٹرل جیل مردان میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سپورٹس کے تعاون سے تین روزہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے کمشنر مردان ڈویژن جاوید مروت، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل امجد خان نے بھی خطاب کیا۔ تین روزہ سپورٹس گالا میں کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن، میوزیکل چئیر اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے جیل میں بند قیدی اور حوالاتی خوب محظوظ ہوئے۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ جیل اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ جیلوں میں ماربل، ڈٹرجینٹ اور دوسری انڈسٹریز سمیت ٹیلرنگ اور دیگر ہنر سکھانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس سے ہونے والے منافع میں قیدی ہنرمندوں کو بھی حصہ دیا جاتا ہے۔ ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبد الکریم خان نے جیلوں میں مختلف صنعتوں کو سمال انڈسٹریز کا درجہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ کمشنر مردان جاوید مروت نے کھیلوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی تاکید کی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے سپورٹس گالا کے اہتمام میں تعاون پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور محکمہ کھیل کے تعاون کو سراہا اور جیل میں قیدیوں کی فلاح و بہبود اور اصلاحات کے عمل پر روشنی ڈالی۔ آخر میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ اور دیگر مہمانوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں جبکہ جیل انتظامیہ نے صوبائی وزیر اور دیگر حکام کو شیلڈز پیش کیں۔