خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ ضلع خیبر میں جمرود جبہ ڈیم کی تکمیل سے نہ صرف 450 ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی بلکہ تقریباً 7 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر ہو گا، صوبائی محکمہ آبپاشی، ضم اضلاع میں سمال ڈیمز کے قیام کیلئے کوشاں ہے تاکہ بنجر و غیر زرعی اراضی قابل کاشت بنائی جا سکے. ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے گزشتہ روز محکمہ آبپاشی کی زیر نگرانی ضلع خیبر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی، ایم این اے اقبال آفریدی، سیکرٹری محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ افسران کے بشمول متعلقہ علاقہ عمائدین بھی شریک تھے۔ ڈی جی جبہ ڈیم اختر رشید نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی. معاون خصوصی محمد سہیل آفریدی اور اجلاس میں شریک علاقہ مشران نے منصوبہ سے متعلق اپنی آراء و تجاویز کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر عاقب اللہ خان نے منصوبہ سے تمام علاقوں کو ہر ممکن طور پر یکساں مستفید کرانے کیلیے ھدایات جاری کیں. صوبائی وزیر نے ایم این اے اقبال آفریدی کی درخواست پر باڑہ ڈیم سے متعلق بھی عنقریب ایک خصوصی اجلاس بلانے کیلئے ھدایات جاری کیں. ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی و خوشخالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔