وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی نے کہ ہے کہ کرم میں ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس مد میں ڈی ایچ کیو پاڑہ چنار، ٹی ایچ کیو صدہ سمیت بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے،انہوں نے مزید بتایاکہ ادویات کی فراہمی سے او پی ڈی میں دس گُنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق آج بھی کراچی کی تنظیم JDC اور گورنر سندھ کی عطیہ کی گئی ادویات ڈی ایچ کیو ہسپتال پاڑہ چنار میں پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2500 کلو گرام وزنی ادویات آج پاڑہ چنار پہنچائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی مسلسل فراہمی جاری ہے اور جب تک حالات معمول پر نہیں آتے سپلائی جاری رہے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سوشل میڈیا پر 100 بچوں کی اموات میں کوئی صداقت نہیں ہے، اس لئے میڈیا سے درخواست ہے کہ کسی بھی خبر کی تصدیق کیلئے متعلقہ ادارے کا موقف ضرور لیا کریں۔