چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ای پروکیورمنٹ کے حوالے سے ایک اجلاس جمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو نئے الیکٹرانک پروکیورمنٹ سسٹم (ای۔ پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم)کے حوالے سے خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ہدایت پر سسٹم کے اجرا کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ای پیڈز سسٹم کو ایک ہفتے کے اندر تیار کرنے اور مارچ کے پہلے ہفتے میں اس کا اجرا یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ای پیڈز سسٹم کے تحت خیبرپختونخوا کے بڑے محکموں سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن، بلدیات اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت دیگر محکموں کے پروکیورمنٹ کو خودکار نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔اس نئے نظام سے شفافیت کے عنصر کو تقویت ملے گی۔ ای پیڈ سسٹم نادرا، ایف بی آر جیسے اداروں سے لنک ہوگا۔ای پیڈزسسٹم سے سرکاری خریداریوں اور ٹھیکوں کے عمل میں شفافیت آئے گی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں سرکاری امور میں بہتری اور شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کیا جائے گا اور حکومت خیبرپختونخوا کا یہ اقدام عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت کی جانب اہم قدم ہے۔