وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آباد کاری ملک نیک محمد خان داوڑ نے جمعرات کے روز باچا خان ایئرپورٹ پشاورپر لیبیا کشتی حادثے میں شہید ہونے والے شہداء کے جسد خاکی وصول کئے اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات کی نگرانی کی۔اس موقع پر انہوں نے شہدا کے خاندانوں کے لواحقین سے ملاقات بھی کی اور حکومت خیبر پختونخوا کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے اس موقع پر رب العالمین کے حضور شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ معاون خصوصی ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا کہ حکومت شہداء کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی ملک نیک محمد خان داوڑ نے شہداء کے لواحقین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے شہداء پیکج کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ریلیف یوسف رحیم، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔