خیبر پختونخوا کے وزیرخوراک ظاہر شاہ طورونے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ولیج کونسل غلہ ڈھیر میں سیرئے کورونہ روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے پر دو کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ افتتاحی تقریب میں صدر ویلج کونسل غلہ ڈھیر فیض محمد، نورمحمد سمیت پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز،علاقے کے معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاقے کے لوگوں نے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک برسوں سے عوام کی بنیادی ضرورت تھی، جس کی تعمیر سے اب ہزاروں افراد کو سفر میں سہولت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حلقے سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔اُنہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے مزید منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ علاقہ عمائدین نے اس ترقیاتی قدم پر حکومت خیبرپختونخوا اور خاص طور پر ظاہر شاہ طورو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔