صوبے کی مختلف صنعتوں میں کام کرنے کرنے والے 17 خوش نصیب مزدور مفت حج کیلیے منتخب
امسال 1578 بچوں اور بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لئے 62 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے،ر پورٹ
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت و افرادی قوت فضل شکورخان کی ہدایات پر ورکرز ویلفیئر بورڈ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دیا۔مالی سال 25-2024 رپورٹ کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ کی حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے صوبے کی مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے 17 خوش نصیب مزدوروں کو مفت حج کرانے کے لئے منتخب کیا ہے جس کی کل لاگت تقریباً 1کروڑ 88 لاکھ روپے ہے جبکہ فی کس تقریباً 11 لاکھ پانچ ہزار روپے خرچہ آئے گا۔ رپورٹ کے مطابق مزدوروں کی میرج گرانٹ میں 341 کیسز کے لئے 13 کروڑ 1لاکھ روپے اور ڈیتھ گرانٹ کے 44کیسز کے لئے3 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔ طلباء سکالرشپ کی مد میں صوبے کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں سے میڈیکل، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور دیگر پروگرامز میں تعلیم حاصل کرنے والے 1578 بچوں اور بچیوں کے لئے62 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں سے1009 طلباء زیر تعلیم جبکہ 569 طلباء تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔اسی طرح نئے داخل ہونے والے تقریبا2314 طلباء کے لئے سکالرشپ صوبائی سکروٹنی کمیٹی کی منظوری کے بعد دی جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے 7میٹرک ٹیک انسٹیٹیوٹس میں سال 25-2024 کے دوران میٹرک کے فنی تعلیم میں 688 طلباء نے داخلہ لیا جن میں سے 622 نے امتحان پاس کیا اور نتیجے کا مجموعی تناسب 90.25 فیصد رہا۔ 8مونو ٹیک انسٹی ٹیوٹس میں 1414طلباء نے ایسوسی ایٹ انجینئرنگ ڈپلومہ میں داخلہ لیاجن میں 1234 پاس ہوئے اورنتیجے کا تناسب 87.24فیصد رہا جبکہ الیکٹرک کے مختصر کورسز میں 2220 طلباء نے داخلہ لیا اور تمام نے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔3پولی ٹیک انسٹیٹیوٹس میں کل 4322طلباء نے امتحانات میں حصہ لیاجن میں میں 4076طلباء نے کامیابی حاصل کی اور مجموعی طور پر92.50فیصد نتیجہ رہا۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام ورکنگ فالکس گرائمر سکولوں میں سال 25-2024 میں 21587 طلباء نے داخلہ لیا جبکہ سال 26 -2025 میں مزید 300نئے داخلے ہوں گے۔رواں سال ان سکولوں نے بورڈ امتحانات میں بہترین نتائج دیئے۔میٹرک امتحانات میں 1220 طلباء میں سے 1141 پاس ہوئے اور نتیجہ 94فیصد رہا جبکہ انٹرکے امتحانات میں 464طلباء میں سے445 نے کامیابی حاصل کی اورنتیجہ 96فیصد رہا۔رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ان سکولوں میں سال 25-2024 ک لئے کتابوں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ کی مد میں تقریباً 19 کروڑ 17 لاکھ روپے جاری کئے۔