خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ترقی کے ضامن ہیں انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ہمیشہ نوجوانوں کو ہر اول دستہ سمجھتے ہیں، اور ان کے وژن کو نوجوانوں نے ہمیشہ دل و جان سے قبول کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف یوتھ ونگ تحصیل مردان کے وفد، جس کی قیادت صدر اسفندیار شاہ کر رہے تھے، سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے اور اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے ایک جامع قرضہ پروگرام تیار کیا ہے تاکہ نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات کے دوران 8 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ یوتھ ونگ کے وفد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ وہ عمران خان کی قیادت میں ملک کی ترقی کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں گے۔

مزید پڑھیں