پشاور میں ثقافتی کھیلوں کے لئے ایک بڑا سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا
خیبرپختونخوا کےوزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں تعمیرتی کام مکمل ہوچکا ہے اور اس سال پشاور میں نمائشی میچ کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اب پاکستان کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے کہ کب نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ پشاور میں ثقافتی کھیلوں کے لئے ایک بڑا سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا جس میں تمام سہولیات میسر ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر عمران خان کرکٹ سٹیڈیم سلیم رضاء،ڈائریکٹر ورکس احمد زیب،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ منیر عباس،اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل بھی موجود تھے جبکہ ایکسین ریاض بنگش نے صوبائی وزیر کو سٹیڈیم کے حوالےسے تفصیلی بریفنگ دی۔سید فخر جہان کا کہنا تھا کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور اس سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے جس کے بعد کرکٹ میچز کے لئے یہ اوپن ہو جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے گراونڈ مکمل ہوچکا اب پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کیساتھ ساتھ ہماری پوری کوشش ہے کہ پشاور میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل میچز منعقد ہوں سکیں تاکہ خیبرپختونخوا کے شائقین کرکٹ اپنے ہیروز کو لائیو دیکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور امید ہے کہ اس سٹیڈیم کے تعمیر سے ان کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے مواقع ملیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں تمام انکلوزرز کو خیبرپختونخوا کے لیجنڈ کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کیا جائے گا۔