چیف جسٹس کی توسیع کے لئے آئین میں ترمیم سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کے مترادف ہوگا، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا

> وفاق میں براجمان جعلی حکومت اعلیٰ عدلیہ کی آزادی چھیننے کی ناکام کوشش کررہی ہے،بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق میں اقتدار پربراجمان جعلی حکومت اعلیٰ عدلیہ کی آزادی چھیننے کی ناکام کوشش کررہی ہے اورچیف جسٹس کی توسیع کے لئے آئین میں ترمیم کرنا سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس غیر آئینی اقدام کے ملک میں بھیانک نتائج سامنے آئیں گے جن سے بچنے کے لئے چیف جسٹس کو خود توسیع سے انکار کردینا چاہیئے تاکہ آئینی اصولوں کی خلاف ورزی نہ ہو۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے پنگے لینا شریف خاندان کی پرانی عادت ہے اور فی الوقت سپریم کورٹ نے جوفیصلے کیئے ہیں ان پر عمل درآمد رکوانے کے لئے آئینی ترمیم کی کوشش کی جارہی ہے اورمینڈیٹ چور حکمرانوں کے اس غیر آئینی اقدام کا واحد مقصد اپنی حکومت بچا نے کی تگ و دو کرناہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ شریف خاندان ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے قومی مفادات کو قربان کردیتے ہیں اسی طرح اب ملک کی اعلیٰ عدلیہ کی ساکھ کو بھی نقصان پہچاکر اس کی آزادی کو سلب کرنے میں مصروف عمل ہے۔شریف خاندان ہی کی وجہ سے ملک اس وقت بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے ذریعے حکومت بناکر شریف خاندان نے نہ صرف ملک و قوم اورالیکشن کمیشن سمیت دیگر اہم اداروں کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے بلکہ انہیں سیاست کی نذر کیاگیا ہے۔اس وقت بغض عمران میں شریف خاندان سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہے لیکن جعلی حکومت کچھ بھی کرلے اس کے دن گنے جاچکے ہیں اور ان جعلی حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ناگزیر ہوچکاہے۔

مزید پڑھیں