وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات کا ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات کا ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات، ہمایون خان نے ایم پی اے افتخار جدون اور ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین لائق محمد خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات ہزارہ ریجن، عمیر خان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے معاون خصوصی اور دیگر نمائندگان کو جیل کی انتظامی صورتحال، قیدیوں کے مسائل، اور جیل میں فراہم کردہ سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ معاون خصوصی ہمایون خان نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے بانی چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ علی آمین گنڈاپور کی ہدایات کی روشنی میں قیدیوں کے مسائل کا فوری حل نکالنے کے احکامات جاری کیے۔ قیدیوں نے معاون خصوصی کو جیل میں علاج معالجے، ادویات، اور دیگر بنیادی سہولیات کی کے حوالے سے آگاہ کیا، جس پر ہمایون خان نے فوری اقدامات لینے اور ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔جیل میں موجود کمی و بیشی اور تعمیراتی کاموں میں درکار اصلاحات کے لیے پی سی ون تیار کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ جیل میں سہولیات کو بہتر کیا جا سکے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو انسانی حقوق فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہوگی۔ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں اعلیٰ معیار کے پولیتھین بیگز اور دیگر اشیاء تیار کی جاتی ہیں، جنہیں قومی مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لیے جیل انڈسٹری کو مزید فعال بنانے کے احکامات دیے گئے۔ معاون خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ جیل کی مصنوعات کو مارکیٹ تک پہنچایا جائے تاکہ جیل انڈسٹری سے تیار ہونے والی اشیاء کو عام عوام تک رسائی دی جا سکے اور قیدیوں کو ایک مثبت معاشی سرگرمی میں شامل کیا جا سکے۔معاون خصوصی نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ قیدیوں کی صحت، علاج معالجہ، اور دیگر انسانی حقوق کے معاملات میں مزید بہتری لائی جائے اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

مزید پڑھیں