گجوخان میڈیکل کالج میں جدید آن لائن امتحانی سینٹر قائم

وی سی کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے افتتاح کردیا

گجوخان میڈیکل کالج صوابی نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایم بی بی ایس پروفیشنل امتحانات کے لیے ایک جدید آن لائن امتحانی سینٹر قائم کر دیا، جس کا افتتاح خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کیا۔واضح رہے کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے تمام میڈیکل کالجز کو سالانہ ایم بی بی ایس امتحانات آن لائن لینے کی ہدایت دی تھی، جس کے تحت گجوخان میڈیکل کالج نے یہ امتحانی سینٹر قائم کیا۔ سینٹر میں بیک وقت 80 سے زائد طلبہ امتحان دے سکیں گے، جو کہ جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر کے ایم یو اور کنٹرولر امتحانات کے یم یو کے ہمراہ ڈین و چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر شمس الرحمن اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وی سی کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ آن لائن امتحانی نظام وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ پیپرلیس ماحول فراہم کرے گا، جو جدید تعلیمی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجوخان میڈیکل کالج کی مسلسل کامیابیاں قابل ستائش ہیں اور اس کامیابی پر کالج انتظامیہ، فیکلٹی اور امتحانی سینٹر کے منتظمین کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔ترجمان کے مطابق وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ یہ امتحانی سینٹر کے ایم یو کے تحت صوابی میں ایک مرکزی امتحانی مرکز تصور کیا جائے گا، جہاں کے ایم یو سے الحاق شدہ دیگر میڈیکل کالجز کے امتحانات بھی منعقد کیے جا سکیں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈین و چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر شمس الرحمن نے کہا کہ وقت کے ساتھ امتحانی نظام میں جدت آ رہی ہے، اور گجوخان میڈیکل کالج نے جدید تقاضوں کے مطابق یہ سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اب تمام امتحانات کو آن لائن لینا مزید آسان ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانی سینٹر میں 80 سے زائد کمپیوٹر سسٹمز، تیز رفتار انٹرنیٹ، ڈیجیٹل لائبریری اور جدید ریسرچ سہولیات دستیاب ہیں، جو طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کریں گی۔

مزید پڑھیں