وزیر کھیل کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ماہنور علی اور انکی بہنوں سحرش علی اور مہوش علی کی بھرپور حوصلہ افزائی
خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان سے انکے دفتر میں آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ماہنور علی اور انکے والدین نے ملاقات کی۔وزیر کھیل نے مذکورہ عالمی چیمپئن شپ میں سونے کے تمغے جیتنے پر ماہ نور علی کو تین لاکھ روپے نقد انعام کا چیک حوالے کیا جبکہ انکی بہن مہوش علی کو سونے کا تمغہ جیتنے پر تین لاکھ روپے اور دوسری بہن سحرش علی کو سلور میڈل جیتنے پر دو لاکھ روپے انعام دینے کا چیک بھی ماہنور علی کے حوالے کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر تینوں بہنوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر گیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ماہنور علی،سحرش علی اور مہوش علی ہمارے صوبے کا اثاثہ ہیں اور ان کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ان تینوں بہنوں نے آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماہ نور علی نے انڈر 13 کیٹگری میں گولڈ،مہوش علی نے انڈر 17 کیٹگری میں گولڈ جبکہ سحرش علی نے انڈر 15 میں سلور میڈل اپنے نام کئے۔