خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کی زیر صدارت خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کا32 واں اجلاس منگل کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں محکمہ داخلہ،تعلیم قا نون، خزانہ، صحت اورسماجی بہبود کے محکموں کے اعلیٰ حکام سمیت یونیسیف کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیسف کی جانب سے خیبر پختونخوا میں چائلڈ پروٹیکشن اور بچوں کی بہبود کے لیے صوبے اور خاص کر ضلع کی سطح پر کئے جانے والے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بچوں کی دیکھ بھال اور ان کے حقوق اور تحفظ کے لیے جاری سہولیات اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں یونیسف کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن نے خیبر پختونخوامیں سٹیٹ چلڈرن کے لیے حکومتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بانے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تحفظ اطفال کے لیے فنڈز کی رقوم مختص کرنے اورضلعی سطح پر ملازمین کی کمی کو دور کرنے کے حوالے سے تمام تر قانونی تقاضوں پر غور و خوض کیا گیا۔اجلاس خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے بچوں کی دیکھ بال اور تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبے کے غریب و ناداربچوں کو دوسرے خوشحال بچوں کے برابر تعلیم،صحت، کھیل اور رہائش کی سہولیات مہیا کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سرپرستی اور نگرانی میں محکم سماجی بہبود مطلوبہ اہداف حاصل کر رہی ہے اور نادارغریب بچوں کی بہتری کے لیے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے جو بہتر طرز حکمرانی کی ایک عمدہ مثال ہے۔