چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ساتھ بجلی سے متعلق مسائل، لوڈ مینجمنٹ اور بقایاجات کی وصولی کے امور پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیسکو کی جانب سے بجلی کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تین ماہ پر مشتمل ایکشن پلان پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ریکوری مہم میں حصہ لینے والے افسران کے لیے مراعاتی نظام پر بھی غور کیا گیا جسے چیف سیکرٹری نے منظور کر لیا۔چیف سیکرٹری نے میٹرنگ کے عمل کو ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بجلی کی تقسیم کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پیسکو کو ہدایت کی کہ موسمِ گرما کی آمد کے پیشِ نظر لوڈ مینجمنٹ کو مؤثر بنایا جائے اور لائن لاسز میں نمایاں کمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پیسکو کو پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر بی آر ٹی کوریڈور کے اردگرد موجود رکاوٹیں دور کرنے میں تعاون کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے کم لائن لاسز اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے محفوظ کیبلز کے استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پیسکو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز، سیکرٹری انرجی، سی ای او پیسکو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بجلی چوری کے خلاف جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ان کارروائیوں کو جاری رکھنے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی۔