خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم شعبہ آئی ٹی کی تعلیم پرخصوصی توجہ دے رہاہے اور ڈیجیٹل لیٹریسی پراگرام کے تحت صوبے کے منتخب 1177 سکولوں جن میں قبائلی اضلاع کے 36 سکول بھی شامل ہیں میں ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو آئی ٹی کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراگرام کو صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔ جس کیلئے 2 لاکھ 41 ہزار طلباء کو آئی ٹی کی تعلیم تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات نے کئی اہم ایورڈز اپنے نام کئے ہیں۔ اور کوڈنگ، گیمنگ، سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ اور پروگرامنگ میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل لیٹریسی پروگرام کے طلباء و طالبات کو انعامات اور شیلڈز دینے کیلئے منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری اسفندیار خٹک، پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانگیر اعظم، ڈائریکٹر ایجوکیشن ثمینہ الطاف، طلباء و طالبات، ان کے والدین اور ٹرینرز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پوری دنیا ڈیجیٹائز یشن کی طرف جا رہی ہے اور اس ضمن میں ہم نے بھی بھر پور تیاری کر رکھی ہے۔ خصوصاً حواتین آئی ٹی کو استعمال میں لاکر گھر بیٹھے باعزت روزگار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو آئی ٹی سیکٹر میں تربیت کے ساتھ ساتھ مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی ریسرچ کو دیگر فورمز میں پیش کر سکیں۔ اور اس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں کیلئے بھی تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ مزید محنت کریں اور اپنے ملک اور صوبے کا نام روشن کریں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہم بچوں پہ سکالرشپ کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے اور صوبے کا 21 فی صد بجٹ تعلیم پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ اور اس کے ثمرات ان کامیاب طلباء کی صورت میں ہمارے سامنے آرہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طلباء اور ٹرینرز کو انعامات، شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔