خیبر پختونخوا میں مختلف سکلز و تیکنیکی تربیت سے نئی نسل کو آراستہ کرنے کیلئے ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام کے تعاون سے جاری مرحلہ وار تربیتی پروگرام کے چوتھے مرحلے میں خواتین کو ٹیکنالوجی سکلز فراہم کی جائیں گی جن کے تحت 2 ہزار خواتین کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سکلز سکھلائی جائیں گی۔ منگل کے روز انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور میں اس منصوبے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کا ایک مشاورتی ورکشاپ منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ دیگر شرکا میں ڈائریکٹر آئی ایم سائنسز عثمان غنی،ادارے کا تدریسی عملہ،ڈی جی نیوٹیک،یونیورسٹیز،جی آئی زیڈ و برٹش کونسل کے نمائندے،اکیڈیمیا،نجی شعبے کے ماہرین اور سرکاری اداروں کے حکام شامل تھے۔ منعقدہ ورکشاپ میں ماہرین نے جدید دور میں بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تربیت سے آراستہ ہونے پر زور دیا جبکہ اس سلسلے میں انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے مابین روابط کو اہم قرار دیا۔ماہرین نے بتایا کہ نوجوانوں کو عصر حاضر میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی شعبوں میں مہارت فراہم کرنے اور انہیں تیار کرنے کی ضرورت ہے۔اس طرح انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق ٹیکنالوجی سے آراستہ سکلڈ ہنرمندوں کی تیاری کیلئے کوششیں کرنی چاہیے۔ورکشاپ میں آئی ٹی بورڈ کے حکام نے بتایا کہ ہم صوبے کو ڈیجیٹل سکلز کا ہب بنانے کی طرف جارہے ہیں اور دنیا میں ڈیجیٹل اکانومی میں اپنا حصہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ورکشاپ سے خطاب کے دوران وزیر اعلی کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ ملک میں ایک تجارتی مرکز کا مقام رکھتا ہے جو کئی راہداریوں کے ذریعے تجارت کیلئے موزوں ہے۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نوجوانوں کو ہنر اور ٹیکنالوجی کی مہارت سے آراستہ کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے کیونکہ بہترین سرمایہ کاری اس قوم کی نئی نسل کو ترقی یافتہ دنیا کیساتھ ترقی کے دور میں ہم پلہ بنانا ہے۔انھوں نے کہا کہ 15 صنعتی اداروں میں طلبہ کو ان جاب ٹریننگ کے مواقع فراہم کر رہے ہیں جن میں زیر تربیت طلبہ کو مالی وظیفہ بھی دیا جائے گا۔معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ تقریبا 4 بلین روپے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے شعبے میں پاس آؤٹ ٹرینیز کو اخوت فاؤنڈیشن کے ذریعے قرضہ کی شکل میں دئے جائیں گے جس سے وہ اپنے لئیے کوئی ٹیکنیکل یا ہنر پر مبنی روزگار یا کاروبار شروع کریں گے۔انھوں نے ٹیوٹ سیکٹر کے چوتھے مرحلے میں خواتین کے ڈیجیٹل سکلز ڈویلپمنٹ کو انتہائی مفید اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے سے ہماری بچیاں استفادہ اٹھائیں گی۔انھوں نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ورکشاپ میں سٹیک ہولڈرز کی جانب سے سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا اور چوتھے مرحلے کوزیادہ مفید اور موثر بنانے کیلئے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔