وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی ترقی، سیاحت کے فروغ اور آمن وامان کی صورتحال کو یقینی اور مزید بہتر بنانے کیلئے ترجیحات متعین کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم بنیادی ضروریات ہیں عوام کو بہترین صحت، بہبودِ آبادی کی سہولیات عوامی دہلیز تک پہنچانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ رکھتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی دیر کے چیئرمین عبید الرحمن سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے وفود اور دیر کے عمائدین بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے وفود سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہبودِ آبادی اور بالخصوص زچہ و بچہ کی بھترین صحت کو یقینی بنانے کیلئے پالیسیوں کی تشکیل اور ان کے نفاذ کو یقینی بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بہبود آبادی کی تمام سہولیات کو علاقائی سطح پر فراہم کر رہے ہیں۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی کو علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے دیگر حکومتی محکموں، اداروں اور تنظیموں کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید موثر بنانے میں بھرپور معاونت فراہم کرتا رہونگا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور انفراسٹرکچر میسر اور موجود ہو۔