خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان کی معیت میں پیر کے دن انکے حلقہ نیابت کے دفتر گاگرہ بونیر میں پبلک ڈے کے موقع پر معدنیات کے حوالے سے مقامی عوام کے مسائل کے ازالے کیلئے ایک عوامی جرگہ منعقد ہوا جس میں حلقہ پی کے 26 بونیر کے علاقہ عمائدین و عوام،لیز کنٹریکٹر،اسسٹنٹ کمشنر گاگرہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات بونیرشریک ہوئے۔اس موقع پر علاقہ مکینوں کے بعض مسائل کے حوالے سے انکے نقطہ نظر کو جرگہ کے سامنے سنا گیا اور اس سلسلے میں متعلقہ ٹھیکدار اور محکمہ معدنیات نے بھی اپنا موقف پیش کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کی کوششوں سے مقامی عمائدین اور متعلقہ ٹھیکدار کے مابین منعقدہ جرگہ کامیاب ہوا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ معدنیات کے حوالے سے مقامی ابادی کے تحفظات کو دور کرنے کی مکمل کوشش کی جائے گی اور اس حوالے سے پائے جانے والے مسائل کو بھی مکمل طور پر حل کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے حلقہ نیابت میں ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ضلعی سطع کے اس ٹورنامنٹ میں 34 ٹیمیں شریک تھیں جسکا فائنل جاؤ خیلہ گدیزی اور تورورسک کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو جاؤ خیلہ کی ٹیم نے جیتا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر نے ٹورنامنٹ کے ونر اور رنر اپ آنے والی ٹیموں اور آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے انعامات کا اعلان بھی کیا جبکہ علاقہ عمائدین سے کہا کہ وہ اگر محکمہ سپورٹس کو فٹ بال گراؤنڈ کیلئے اراضی فراہم کرسکتے ہیں تو گاگرہ میں نئے فٹ بال گراؤنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انھوں نے اس موقع پر فٹ بال ٹورنامنٹ کی رنر آپ اور فاتح ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔