وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت پیر کے روز سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ پشاور میں باجوڑ انڈسٹریل اسٹیٹ کے نئے ترقیاتی منصوبے کے تفصیلی ڈیزائن،ماسٹر پلان اور ڈرافٹ پی سی ون کی تیاری کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ حبیب اللہ عارف،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نعمان فیاض اور بورڈ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو مذکورہ نئے صنعتی ترقیاتی منصوبے کے جلد از جلد قیام کے لئے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور انہیں اس منصوبے کے خدو خال اور ممکنہ دستیاب سہولیات کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔اس موقع پر معاون خصوصی نے متعلقہ منصوبے کی کنسلٹنٹ فرم کو آئندہ سال 31 جنوری تک اپنا کام ہر لحاظ سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ان کو بتایا گیا کہ یہ نیا صنعتی منصوبہ 370 کنال رقبے پر محیط ہے جس میں مختلف سائز کے 166 صنعتی پلاٹس ہوں گے۔معاون خصوصی نے اس موقع پر کہا کہ اس منصوبے میں مستقبل کی ضرورت اور منصوبہ بندی کیلئے وسعت کی گنجائش رکھی جائے اور اس میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے سولرائزیشن پر بھی توجہ دی جائے۔انھوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے کے روڈ سائڈز کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جائے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے ضم اضلاع میں صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا اور اس کے ذریعے مقامی کاروبار اور صنعتی شعبوں کو تقویت ملے گی۔