خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے ٹو ڈے پالیسی ڈائیلاگ آن گلوبل انٹرنیشنل ہیومینیٹرین لائ انیشی ایٹو (GIHLI) سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی قوانین اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔یہ کانفرنس انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (ICRC) نے انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس (IPC) کے تعاون سے اسلام آباد میں منعقد کی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی، داخلی تنازعات اور انسانی بحران جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے انسانی ہمدردی کے قوانین کی اہمیت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے غزہ، شام اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی قوانین کی کمزوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے زور دیا کہ مسائل کا حل جنگ میں نہیں بلکہ انصاف، قانون اور مکالمے میں ہے۔ ایسے فورمز قانون کی بالادستی اجاگر کرتے ہیں اور امن قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔کانفرنس میں سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت پاکستان کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے متعدد اراکین نے بھی شرکت کی۔
