ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے ذریعے مارخور، آئی بیکس اور گرے گورل پرمٹس ریکارڈ 19,13,842 امریکی ڈالر (542.7 ملین روپے) میں نیلام

محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے سال 2025-26 کے ٹرافی ہنٹنگ سیزن میں تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مارخور، آئی بیکس اور گرے گورل کے 39 پرمٹس 1913842 امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 542.7 ملین روپے میں نیلام کئے اس سلسلے میں گزشتہ روز نیلامی کا عمل مکمل ہوا، تفصیلات کے مطابق ایکسپورٹ ایبل مارخور کے چار پرمٹس 946,000امریکی ڈالرز، نان ایکسپورٹ ایبل مارخور کے 9 پرمٹس553,300 امریکی ڈالر، نان ایکسپورٹ ایبل آئی بیکس کے 20 پرمٹس16,042 امریکی ڈالر جبکہ نان ایکسپورٹ ایبل گرے گورل کے 6 پرمٹس398,500 امریکی ڈالر میں فروخت ہوئے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سال پہلی بار نان ایکسپورٹ ایبل گرے گورل کا پرمٹ متعارف کرایا گیا جس سے آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا۔اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلی حیات پیر مصور خان نے کہا کہ رواں سال کا ٹرافی ہنٹنگ پروگرام آمدن کے لحاظ سے ریکارڈ ساز ثابت ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار گرے گورل کے پرمٹس کا اجراء صوبائی حکومت کے جنگلی حیات کے تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے حاصل ہونے والی آمدن جنگلی حیات کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور مقامی آبادی کی سماجی و معاشی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ پیر مصور خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ”ری وائلڈنگ پروگرام“ کے تحت صوبے میں بلیک بک، چنکارہ اور اوڑیال جیسی نایاب انواع کی دوبارہ بحالی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ مستقبل میں ”گرین ہنٹ پروگرام“ تحقیق کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔انھوں نے نیلامی کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے اور ریکارڈ آمدن یقینی بنانے پرچیف کنزرویٹر وائلڈ لائف ڈاکٹر محسن فاروق اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلی حیات شاہد زمان نے کہا کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام بیک وقت قدرتی وسائل کے تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنا رہا ہے جبکہ جنگلی حیات کے فروغ کے لیے مزید اقدامات بھی جاری ہیں۔

مزید پڑھیں