ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تحت جنوبی وزیرستان لوئر میں انسداد منشیات سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد

جنوبی وزیرستان لوئر کے نوجوانوں کو منشیات کے ناسور سے بچانے اور معاشرے میں اس کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے ضلعی دفتر جنوبی وزیرستان لوئر کے زیر اہتمام تحصیل شکئی میں انسداد منشیات سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔یہ اقدام ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد کی زیر نگرانی ایک مقامی فلاحی تنظیم کے اشتراک سے کیا گیا۔سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا، ان کی رہنمائی کرنا اور انہیں ایک صحت مند، باوقار اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا تھا۔تقریب کا آغاز ایک آگاہی واک سے ہوا جس کے بعد مقامی معزز شخصیات نے انسداد منشیات کے حوالے سے اثر انگیز تقاریر کیں۔مقررین نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال نہ صرف نوجوان نسل کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے بلکہ یہ ایک سنگین عوامی صحت کا بحران بھی بن سکتا یے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات، خصوصاً والدین، اساتذہ، علما کرام اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف جدوجہد میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔مقررین کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف مؤثر آگاہی مہم اور بحالی مراکز کے قیام جیسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں انسداد منشیات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور گراس روٹ سطح پر آگاہی اور بحالی کے اقدامات میں بھرپور حصہ لیں گے۔

مزید پڑھیں