وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے بروز ہفتہ اپنے حلقہ کوٹ میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران اسکول میں ایک پُررونق تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے قرأتِ کلامِ پاک، قومی ترانہ، تقاریر، رسہ کشی، ملی نغمے اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔تقریب میں طلبہ کے والدین، اساتذہ، مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم و تربیت میں سرمایہ کاری ہی حقیقی قومی خدمت ہے۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے اور اساتذہ کو بہترین تدریسی ماحول فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے۔خاص طور پر پسماندہ اور دیہی علاقوں کے اسکولوں میں مزید کمروں کی تعمیر، جدید سہولیات کی فراہمی، صاف پانی، فرنیچر، اور آئی ٹی لیبز کے قیام کے لیے کام جاری ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے موقع پر اسکول میں مزید کمروں کی تعمیر اور طلباء کے لیے اضافی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ تعلیم کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتے ہیں، اور وزیراعلیٰ اسی وژن کو خیبرپختونخوا میں عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر بچہ جدید تعلیم سے آراستہ ہو تاکہ خیبرپختونخوا ”تعلیم یافتہ، خودمختار اور ترقی یافتہ صوبہ” بن سکے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں بچوں کے کردار، نظم و ضبط، صفائی، کھیلوں اور تخلیقی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف اچھے طالبِ علم بلکہ بااخلاق شہری بھی بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور صوبائی حکومت ان کے مسائل کے حل، ترقیوں اور تربیت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔اختتام پر ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ صوبے کو جدید، تعلیم یافتہ اور ڈیجیٹل خیبرپختونخوا بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت بہت جلد“ای-بستہ (E-Basta)”پروگرام کا آغاز کر رہی ہے، جس کے تحت نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلباء کو ڈیجیٹل نصاب کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کتابوں کے بوجھ میں کمی، تعلیم میں آسانی، اور طلباء کو ڈیجیٹل لرننگ کی دنیا سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا