خصوصی تعلیم و خواتین بااختیاری، حکومت خیبر پختونخوا نے بین الاقوامی یومِ بزرگ شہری 2025 جوش و جذبے کے ساتھ منایا

خصوصی تعلیم و خواتین بااختیاری، حکومت خیبر پختونخوا نے بین الاقوامی یومِ بزرگ شہری 2025 جوش و جذبے کے ساتھ منایا، جس کی میزبانی محکمہ سماجی بہبود نے فاؤنڈیشن فار ایجنگ اینڈ انکلوسیو ڈویلپمنٹ (FAID) اشتراک سے کی۔ اس پُروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر برائے سماجی بہبود، سید قاسم علی شاہ تھے جبکہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل سیکریٹری عمرا خان نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔تقریب میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اقلیتی امور، وزیر زادہ کیلاش نے خصوصی شرکت کی۔ معزز مہمانوں میں ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر، ریحان گل خٹک؛ ایڈیشنل سیکریٹری اوقاف، حبیب آفریدی؛ جنرل منیجر خیبر ٹی وی، جمشید علی خان؛ چیئرمین سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عزیزالرحمٰن؛سی ای او فاؤنڈیشن فار ایجنگ اینڈ انکلوسیو ڈویلپمنٹ (FAID)، سید معیز الدین،ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا، شاہد خان شامل تھے۔اس موقع پر مختلف سماجی کارکنان، محکمہ سماجی بہبود کے سینئر افسران، بزرگ شہری، وکلاء، خواجہ سرا نمائندگان، ماہرین تعلیم اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی کارروائی سلمیٰ ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر خواتین بااختیاری نے انجام دی، جو پروگرام کی چیف آرگنائزر اور کمپیئر بھی تھیں۔ انہوں نے محکمہ کی جانب سے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری پروگرامز اور اقدامات پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمٰن نے بطور محقق بزرگ شہریوں کے حوالے سے ریاستی ذمہ داریوں پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں انہوں نے پالیسی سطح پر مزید بہتری اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔صوبائی وزیر سماجی بہبود، سید قاسم علی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی گھروں اور سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ والدین کی بے ادبی یا اُن کی تذلیل کرنے والوں کے خلاف سخت قانون بنایا جائے گا اور ایسے عناصر کو کڑی سزائیں دی جائیں گی تاکہ معاشرے میں والدین کے احترام اور حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ ہمارے قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے تجربات اور دعاؤں کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ بزرگوں کی خدمت دراصل اللہ کی رضا اور قومی ترقی کی ضمانت ہے۔ صوبائی وزیر نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین اور بزرگوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ یہی ہماری تہذیبی اور دینی اقدار کی اصل روح ہے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، اُن کی سماجی شمولیت اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اقلیتی برادری کو باوقار شہری تسلیم کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ سماجی بہبود کے کردار کو سراہا۔خطابات میں بزرگ افراد کے لیے صحت کی سہولیات تک آسان رسائی، سماجی تحفظ اور شمولیت کی اہمیت پر زور دیا گیااور ان کی فلاح و بہبود، عزت و تکریم کے لئے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا

مزید پڑھیں