مسجد مہابت خان اہم اور تاریخی ورثہ ہے، اس کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔ بیرسٹر فیروز جمال

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ مسجد مہابت خان اہم اور تاریخی ورثہ ہے جس کی دیکھ بھال حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تاریخی مسجد کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر تاجر برادری کے تحفظات کو دور کیا جائے گا اور انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے محکمہ کو تاریخی مسجد کی عمارت کا تفصیلی سروے کرانے کی ہدایت کی۔ ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے منگل کے روز تاریخی مسجد مہابت خان کی تزئین و آرائش کے منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس میں نگران وزیراعلی کے مشیر برائے محنت ملک مہر الٰہی، سیکرٹری محکمہ وقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور ڈاکٹر اسد علی، میئر پشاور زبیر علی، تاجر برادری کے رہنماؤں و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تاریخی مسجد مہابت خان کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا کہنا تھا کہ مسجد مہابت خان اہم اور تاریخی ورثہ ہے۔جس کی دیکھ بھال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر تاجر برادری کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ منصوبے کے حوالے سے تاجروں کی تجاویز و آراء پر غور اور انہیں اعتماد میں بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں مسجد مہابت خان کی تزئین و آرائش ترجیحی بنیادوں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے جلد سے جلد مسجد کی عمارت اور بنیادوں کا متعلقہ محکمے سے معائنہ کرانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر میئر پشاور زبیر علی نے مسجد کی تزئین و آرائش منصوبے کو احسن طریقے سے آگے بڑھانے اور تاجر برادری کے رہنماؤں نے تحفظات پر غور کی یقین دہانی پر نگران وزیر اطلاعات و اوقاف کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔

مزید پڑھیں