خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسٹینشن لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ خیبرپختونخوا پشاور میں ماہانہ کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیو اسٹاک محمد طاہر اورکزئی، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک نیاز محمد خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان سمیت تمام ضلعی و پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمے کی ماہانہ کارکردگی، گڈ گورننس روڈ میپ اور ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جس طرح ایمرجنسی کی صورت میں عوام ریسکیو 1122 کو کال کرکے ایمبولینس سروس حاصل کرتے ہیں اسی طرز پر محکمہ لائیو سٹاک میں بھی مویشی پال کسانوں کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر مقرر کیا جائے تاکہ صوبے بھر کے کسان اس نمبر پر رابطہ کرکے فوری رہنمائی، علاج اور دیگر سہولیات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا مقصد عوامی خدمت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ ہر مویشی پال کسان کو اپنے دروازے پر سہولت میسر ہو۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے اس نئے نظام کو جلد از جلد فعال کیا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان نے صوبائی وزیر کو محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ پچھلے مہینے کے مقابلے میں اس ماہ محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے اور محنت کے ساتھ خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے اور مزید بہتری کو اپنی ترجیح بنایا جائے۔ اس دوران صوبائی وزیر نے تمام ضلعی ڈائریکٹرز سے حلف لیا کہ وہ جانوروں کا خیال اسی طرح رکھیں جیسے اپنے بچوں کا رکھتے ہیں۔ اجلاس میں تمام ضلعی ڈائریکٹرز نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جن میں رسک الاؤنس، رہائشی سہولتوں اور دیگر اہم معاملات شامل تھے۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام افسران اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دیں کیونکہ غفلت برتنے والے افسران کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران میں شیلڈز تقسیم کیں۔