محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے انٹر کالجزسپورٹس گالا 2025 کی تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا انٹر کالجز اسپورٹس گالا 2025 کی شاندار تقریب تقسیم انعامات بروز بدھ گورنمنٹ فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم محمد سہیل آفریدی اور وزیرِ مواصلات و تعمیرات مینا خان آفریدی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت شریف سے کیا گیا۔ گورنمنٹ فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹرز، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداران اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیرِ اعلیٰ تعلیم محمد سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام اساتذہ، طلبہ و طالبات، اور محکمہ تعلیم کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق ہمیشہ اپنے مقاصد بلند رکھیں اور ان کے حصول کے لیے محنت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “یہ طلبہ ہمارا فخر اور ملک کا مستقبل ہیں، میں کسی صورت ان کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کروں گا۔” وزیرِ مواصلات و تعمیرات مینا خان آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “میں نے بطور وزیرِ اعلیٰ تعلیم اپنے اٹھارہ ماہ کے دور میں پوری کوشش کی کہ خیبرپختونخوا کے تعلیمی نظام میں اصلاحات لائی جائیں، سہولت پیدا کی جائے اور اسے جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست بنے، جو کسی کے تابع نہ ہو بلکہ ایک خودمختار ملک کے طور پر ابھرے۔” تقریب کے اختتام پر محمد سہیل آفریدی اور مینا خان آفریدی نے خیبرپختونخوا انٹر کالجز اسپورٹس گالا 2025 کے تمام فاتح طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید پڑھیں