کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس

کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا اہم اجلاس محکمہ سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری محکمہ سیاحت یبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے کی۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ نصر اللہ خان، ڈائریکٹر کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی زمین خان، ممبر قومی اسمبلی صاحب زادہ صبغت اللہ اور مقامی رکنِ صوبائی اسمبلی ملک گل ابرہیم خان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اتھارٹی کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اتھارٹی کو درپیش انتظامی و تکنیکی مسائل کے حل کے لیے عملے کی بھرتی، دفتر کے قیام کے لیے موزوں جگہ کی نشاندہی، اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے اقدامات زیرِ غور ہیں۔سیکرٹری ڈاکٹر عبدالصمد نے ہدایت جاری کی کہ کمراٹ اور اس کے گردونواح میں نئے ہوٹلوں اور سیاحتی ڈھانچے کی تعمیر صرف منظورشدہ بلڈنگ کوڈ کے مطابق ہی کی جائے تاکہ علاقے کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو دفتر کے قیام کے لیے موزوں جگہ کی جلد نشاندہی اور ضروری عملے کی بھرتی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں اتھارٹی کے لیے ضروری سازوسامان اور گاڑیوں کی فراہمی سے متعلق سفارشات بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر سیکرٹری ڈاکٹر عبدالصمد نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ سیاحت کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو درکار وسائل اور تکنیکی معاونت کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ کمراٹ کو ایک ماڈرن، پائیدار اور ماحول دوست سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جا سکے۔مزید برآں، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے شعبے کو پائیدار ترقی، مقامی روزگار کے مواقع اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔ کمراٹ سمیت تمام سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی بیسڈ ٹورازم کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے۔

مزید پڑھیں