غیر پھٹے بموں سے متعلق آگاہی مہم کا کامیاب اختتام

محکمہ سول ڈیفنس خیبر پختونخوا کی جانب سے تین ہفتوں پر مشتمل غیر پھٹے بموں سے متعلق آگاہی مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔اس مہم کا بنیادی مقصد عوام، بالخصوص تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات میں UXBs کے خطرات، ان کی شناخت، اور ان سے محفوظ رہنے کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس مہم کے دوران خیبر پختونخوا کے 24 اضلاع میں واقع 78 اسکولوں اور کالجوں میں آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 5296 طلبائ اور 1600 طالبات نے شرکت کی۔تمام سیشنز کے دوران شرکائ کو نہ پھٹنے والے بموں UXBs کی پہچان، ہنگامی صورتحال میں ردِعمل، اطلاع دہی کے طریقہ کار، اور حفاظتی اقدامات سے متعلق عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔محکمہ سول ڈیفنس نے خصوصی توجہ ضم شدہ اضلاع پر مرکوز رکھی، جہاں عوامی آگاہی کی کمی کے باعث UXBs سے متعلق حادثات کے خدشات نسبتاً زیادہ ہیں۔ اس مقصد کے لیے سول ڈیفنس انسٹرکٹرز نے مقامی تعلیمی اداروں، کمیونٹی سینٹرز، اور نوجوانوں کے گروپس کے ساتھ خصوصی آگاہی سیشنز منعقد کیے اورمجموعی طور پر مہم بعض انتظامی و جغرافیائی چیلنجز کے باوجود انتہائی کامیاب رہی۔محکمہ سول ڈیفنس خیبر پختونخوا کے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق باجوڑ میں قائم آئی ڈی پیز کیمپ میں سول ڈیفنس کے رضاکار اپنی خدمات پوری ذمہ داری اور جذبہ خدمتِ انسانیت کے تحت انجام دے رہے ہیں۔رضاکاروں کی ذمہ داریوں میں خوراک کی تقسیم، میڈیکل سہولیات کی فراہمی میں تعاون، اور کیمپ میں مقیم افراد کا اندراج شامل ہے۔سول ڈیفنس باجوڑ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اسی طرح ضلع خیبر میں قائم افغان مہاجرین کے کیمپوں میں سول ڈیفنس کے رضاکار دوپہر اور شام کے اوقات میں مستقل بنیادوں پر اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ان کی خدمات میں خوراک کی تقسیم، میڈیکل فیسلٹی سپورٹ، رجسٹریشن، اور کیمپ میں نظم و ضبط کی نگرانی شامل ہیں۔سول ڈیفنس خیبر، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مکمل تعاون میں رہتے ہوئے افغان مہاجرین اور ان کے خاندانوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ محکمہ سول ڈیفنس خیبر پختونخوا کی زیر نگرانی 36 اضلاع میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیشنز بھی جاری ہیں۔جن میں عوام کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ، مچھر کی افزائش روکنے کے طریقے، صفائی ستھرائی کی اہمیت، اور ہنگامی حالات میں ابتدائی طبی امداد کے اصولوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق پشاور کے انڈسٹریل زون سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر صنعتی علاقوں میں سول ڈیفنس کے انسٹرکشنل اسٹاف اور افسران کی ٹیمیں فائر سیفٹی انسپیکشنز انجام دے رہی ہیں۔ورکرز کو فائر فائٹنگ آلات کے استعمال، آگ لگنے کی صورت میں ابتدائی ردعمل، اور محفوظ انخلائ کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ان اقدامات کا مقصد صنعتی اداروں میں آگ سے متعلق حادثات کے خطرات کو کم کرنا اور ورک فورس کو بہتر حفاظتی شعور سے آراستہ کرنا ہے۔جبکہ نئے اقدام کے تحت رضاکاروں کی آن لائن انرولمنٹ اور تربیتی نظام کا آغاز کیا گیا ہے اور قومی دفاع اور ہنگامی حالات میں خواتین کی شمولیت چوں کہ ناگزیر ہے اس لئے محکمہ سول ڈیفنس خیبر پختونخوا کی زیرِ نگرانی خواتین کو مختلف سول ڈیفنس خدمات میں خصوصی تربیت (Specialized Training) فراہم کی جاتی ہے جس کی بدولت معاشرتی تحفظ میں بہتری، اور عوامی آگاہی میں وسعت کے ساتھ قومی سطح پر دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوتاہے۔ وہ ہنگامی حالات، قدرتی آفات یا فضائی حملوں کے بعد خواتین متاثرہ اور بے گھر افراد کو خوراک، پناہ، اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرتی ہیں۔علاوہ ازیںڈائریکٹر سول ڈیفنس خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں سول ڈیفنس رضاکاروں کو آن لائن انرول کرنے کا بھی اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت رضاکاروں کی جدید تقاضوں کے مطابق استعداد کار کی تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ ان کی صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔اس اقدام کا مقصد ایک منظم، تربیت یافتہ اور فعال رضاکار فورس تیار کرنا ہے جو کسی بھی جنگی حالات، انسانی ساختہ یا قدرتی آفات کے دوران فوری، مؤثر اور منظم انداز میں عوامی خدمت انجام دے سکے۔

مزید پڑھیں