ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے اشترا ک سے ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گرینڈ ٹرائبل یوتھ کنونشن کا شاندار اور کامیاب انعقاد کیا گیا۔ترجمان محکمہ امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا کے مطابق اس تقریب میں قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، طلباء و طالبات، سول سوسائٹی کے اراکین اور مختلف مکاتبِ فکر سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی مقامی بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر مبشر اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کی خدمات پر مبنی ایک جامع ڈاکیومنٹری پیش کی گئی۔ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے نوجوان پاکستان کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کی اصل طاقت اور بنیاد ہیں۔ محکمہ امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا نوجوانوں کی تعلیم، ہنر، اور قیادت کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ڈاکٹر نعمان مجاہد نے ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کی جانب سے گرینڈ ٹرائبل یوتھ کنونشن کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام قبائلی نوجوانوں کو یکجا کرنے، ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔کنونشن کے دوران سوال و جواب کا خصوصی سیشن منعقد ہوا جس میں نوجوانوں نے کھل کر اپنے خیالات اور سوالات پیش کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد اور بریگیڈیئر مبشر نے نوجوانوں کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔تقریب کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ٹرائبل یوتھ ایسوسی ایشن کے فری ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات اور امن و تعلیم کے فروغ میں سرگرم نوجوانوں کو اعزازی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا، جبکہ مہمانانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
