سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا محمد جاوید مروت کی زیرِ صدارت ہزارہ ڈویژن کے ریونیو و زرعی انکم ٹیکس سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ریونیو افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران زرعی انکم ٹیکس، ریونیو امور اور لینڈ ریکارڈ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد جاوید مروت نے اس موقع پر ہدایت کی کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اداروں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے اور تمام سروس ڈلیوری سینٹرز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ریونیوسٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لیے باقاعدہ تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔اجلاس میں خانہ کاشت اور خانہ ملکیت سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔فراڈ اور دھوکہ دہی سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے کیش لیس یا الیکٹرانک پیمنٹ سسٹم کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ تمام سروس ڈلیوری سینٹرز کو سینٹرلائز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے واضح کیا کہ ریونیو سے متعلق تمام مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوامی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔
