محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل لائیو سٹاک (ایکسٹنشن) کے زیرِ اہتمام ”پولٹری فارم کے وینٹی لیشن سسٹم مینجمنٹ” کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد صوبے کے پولٹری فارمرز کو جدید وینٹی لیشن نظام، اس کی دیکھ بھال اور پرندوں کی افزائش کے لیے موزوں ماحول کی فراہمی کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔ تربیتی ورکشاپ بگ ڈچ مین اور ایسٹرن ویٹرنری سروسز کے اشتراک سے منعقد کی گئی جس میں ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (ایکسٹنشن) ڈاکٹر اصل خان بھی موجود تھے جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں پولٹری فارمرز نے شرکت کی۔ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے سیکرٹری لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹوز محمد طاہر اورکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک صوبے میں تجارتی پیمانے پر پولٹری فارمنگ کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولٹری انڈسٹری نہ صرف گوشت کی پیداوار میں اضافے کا باعث بنتی ہے بلکہ دیہی معیشت اور عوام کے روزگار میں بہتری کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ورکشاپ کے دوران محمد ولی اللہ محمد بن ابراہیم نے مختلف موسموں اور پرندوں کی عمر کے لحاظ سے وینٹی لیشن سسٹم کے معیاری طریقہ کار اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔شرکاء نے ورکشاپ کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں جدید پولٹری فارمنگ کے فروغ اور پیداوار میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوں گی۔
