12 نومبر سے شروع ہونے والے ایف اے/ایف ایس سی امتحانات کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی

12 نومبر سے شروع ہونے والے ایف اے/ایف ایس سی امتحانات کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمن، اے ڈی سی صوابی، ایس پی ہیڈکوارٹرز مردان، مختلف کالجوں کے پرنسپلز اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر مردان نے شرکاء پر زور دیا کہ امتحانی نظام کی شفافیت برقرار رکھنے اور امتحانات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ (BISE) مردان کے چیئرمین پروفیسر جہانزیب نے امتحانات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کی بدولت طلبہ اپنی محنت پر انحصار کریں گے اور غیر منصفانہ طریقوں سے گریز کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس ای مردان نے حال ہی میں ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کیا ہے جو تعلیمی معیار میں بہتری کا مظہر ہے۔ بورڈ حکام کے مطابق، آنے والے امتحانات میں 40,600 سے زائد طلبہ و طالبات امتحان دیں گے۔
طلبہ کے لیے 106 امتحانی ہال جبکہ لڑکیوں کے لیے 68 ہال قائم کیے گئے ہیں۔
چیئرمین نے یقین دلایا کہ جن کالجوں میں فرنیچر کی کمی ہے، وہاں فوری طور پر فرنیچر فراہم کیا جائے گا جبکہ تمام امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ سخت نگرانی ممکن ہو سکے۔
کمشنر نثار احمد نے متعلقہ تمام محکموں اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات کے شفاف، منظم اور منصفانہ انعقاد کے لیے تعلیمی بورڈ کو مکمل تعاون فراہم کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ یہ امتحانات صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر قسم کے نقائص سے پاک ہوں۔

مزید پڑھیں