رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں پانچ عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی۔ کمیشن نے شہریوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ پشاور سے فیصل خان نے فرد کے حصول کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی۔ مسلسل غیر حاضری پر کمیشن نے حلقہ پٹواری کی تنخواہ بند کروائی، حلقہ پٹواری اور شہری کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ کمیشن نے دونوں کے بیانات ریکارڈ کروانے کے بعد جمعرات کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا۔ چارسدہ سے فضل دین نے زمین کے ریکارڈ کے حصول کے لیے کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ شہری نے سنوائی کے دوران بتایا کہ اسے حد براری چاہیے۔ کمیشن نے شہری کو حد براری کے لیے درخواست دینے کی ہدایت کی۔ سہیل وحید نے ایبٹ آباد سے کچرا ہٹانے کے لیے درخواست دی تھی۔ کمیشن نے ٹی ایم او کو شہری کی شکایت دور کرنے کے احکامات دئیے ٹی ایم او نے کمیشن کو بتایا کہ مذکورہ جگہ پرائیویٹ پلاٹ ہے مالک کی مرضی کے بغیر کام نہیں کر سکتے۔ کمیشن نے ٹی ایم او کو شہری سے رابطہ کرنے کے احکامات دئیے اور ساتھ ہی شہریوں کو ہدایت کی کہ کچرا صحیح سرکاری مختص جگہ پر پھینکیں۔ مانسہرہ سے امجد نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی۔ کمیشن نے کیس عدالت میں زیر التوا ہونے کے باعث خارج کر دیا اور شہری کو ہدایت کی کہ اگر کوئی اور مسئلہ ہو تو کمیشن کو درخواست دے سکتا ہے۔ مختلف اضلاع سے شہریوں کے اسلحہ لائسنس کی درخواستوں پر کمیشن نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو احکامات جاری کیے۔ کمیشن نے سرکاری افسران کو عوام کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بنیادی خدمات کا حصول عوام کا حق ہے نا کہ ان پر حکومت کا احسان۔
