اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی عدنان ممتاز خٹک کی سربراہی میںغیر قانونی بل بورڈز اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن

تخت بھائی: ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی عدنان ممتاز خٹک کی قیادت میں تخت بھائی بازار اور گردونواح میں غیر قانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز کو موقع پر ہٹا دیا گیا جبکہ فٹ پاتھوں، سڑکوں اور عوامی راستوں پر قائم تجاوزات کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔اس کارروائی میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن تخت بھائی، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر واضح کیا کہ عوامی سہولت، شہری خوبصورتی اور بازاروں میں ٹریفک کے بہتر بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دکاندار اور تاجر رضاکارانہ طور پر اپنی دکانوں کے سامنے سے تجاوزات ختم کریں، بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تخت بھائی کو صاف، منظم اور بہتر شہر بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ مردان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ عوامی مفاد میں تجاوزات کے خاتمے کی یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کی سیاسی یا ذاتی رعایت نہیں برتی جائے گی

مزید پڑھیں