صوبائی حکومت کے ڈرگ فری خیبرپختونخوا ویژن کے تحت صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیئے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے صوبے بھر میں منشیات کے خلاف ایک بھرپور اور مربوط مہم کا آغاز کیا ہے۔

اس مہم کا مقصد منشیات فروش نیٹ ورکس، بالخصوص میتھ ایمفیٹامین (آئس) کے دھندے میں ملوث عناصر کا خاتمہ کرنا اور نوجوان نسل کو منشیات کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔گزشتہ چھ دنوں کے دوران ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں نے پشاور، نوشہرہ، مردان، ضلع خیبر، ایبٹ آباد اور چارسدہ میں منظم کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 168.8 کلوگرام چرس، 5 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور 1.20 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ اس دوران 15 ملزمان کو گرفتار جبکہ 12 ایف آئی آرز متعلقہ دفعات کے تحت خیبرپختونخوا کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینس ایکٹ 2019 کے تحت درج کی گئیں۔یہ کامیابیاں محکمہ کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور منشیات کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کی مظہر ہیں۔ محکمہ کی پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بڑھتی ہوئی کوآرڈینیشن نے منظم منشیات فروش نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ ردِعمل کو مزید مؤثر بنایا ہے۔ ساتھ ہی، عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے نوجوانوں اور کمیونٹیز کو منشیات کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر سید فخر جہان نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے دھندے میں ملوث کسی فرد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک خیبرپختونخوا منشیات کی لعنت سے مکمل طور پر پاک نہیں ہو جاتا۔پائیدار نتائج کے لیے محکمہ ایکسائز اپنی انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنا رہا ہے، عملے کی استعداد کار بڑھا رہا ہے اور ادارہ جاتی اشتراک کو فروغ دے رہا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ خفیہ اطلاع دہی کے نظام کے ذریعے منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں تاکہ اجتماعی کوششوں سے اس ناسور کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔محکمہ ایکسائز نے والدین، اساتذہ، علما، کمیونٹی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف آگاہی اور احتیاطی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ منشیات کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ باہمی اتحاد اور مربوط کوششوں ہی کے ذریعے ایک منشیات سے پاک خیبرپختونخوا کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں