وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے جمعہ کے روز محکمہ اطلاعات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات محمد بختیار خان ڈی جی انفارمیشن محمد عمران نے انہیں محکمے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے، جاری منصوبوں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران معاون خصوصی کو محکمے کے مختلف شعبہ جات بشمول پریس رجسٹرار، ریڈیو، پروڈکشن، پبلک ریلیشنز اور دیگر اٹیچیڈ فارمیشنز کی کارکردگی اور فیلڈ سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔معاون خصوصی شفیع جان نے محکمہ اطلاعات کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ صوبائی حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطہ پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے صوبائی حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں، اصلاحاتی اقدامات اور قیامِ امن کے لیے جاری کوششوں کو عوام تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صوبائی حکومت کا نہایت اہم ادارہ ہے اور اس کے وسائل و استعداد کار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ یہ ادارہ جدید تقاضوں کے مطابق اپنی خدمات انجام دے سکے۔شفیع جان کا کہنا تھا کہ ادارے کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے سب کو ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت محکمہ اطلاعات کو درکار وسائل کی فراہمی اور فیلڈ دفاتر کی استعداد بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گے اس موقع پر ایڈیشن اور ڈپٹی سیکرٹریز پریس رجسٹرار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
