خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت لوکل کونسل بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل بلدیات کا جائزہ اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل بلدیات کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ بلدیات کے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات اسلم ثاقب رضا، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ اور ڈائریکٹر جنرل بلدیات سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تحصیل میونسپل انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل بلدیات کے جملہ امور پر متعلقہ افسران نے وزیر بلدیات کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ بلدیات عوامی خدمات کا ایک اہم ادارہ ہے، اس لیے اس کے تمام امور میں شفافیت، کارکردگی اور عوامی اعتماد کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں کے مالی، انتظامی اور ترقیاتی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحاتی حکمت عملی تیار کی جائے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ تحصیل میونسپل انتظامیہ کے کردار کو مضبوط بنا کر عوامی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے اپنی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کریں تاکہ بہتری کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔مینا خان آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر میں بلدیاتی اداروں کو فعال، خودمختار اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں قومی خدمت اور شفافیت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔

مزید پڑھیں