خیبرپختونخوا میں پانی، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی (واش) کے امور دیکھنے والی لوکل کونسل بورڈ کی واٹر اینڈ سینیٹیشن (واٹسن) سیل اور واٹر ایڈ کی اشتراکیت سے جامعہ پشاور کی اسٹوڈنٹ سوسائٹیز کے زیرِ اہتمام ڈیجیٹل انوویشن چیلنج 2025 ہینڈ واشنگ ہیرو کے عنوان سے ایک شاندار تقریب بزنس انکیوبیشن سینٹر پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں صفائی، صحت عامہ، پانی کے مؤثر استعمال اور ہاتھ دھونے کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ پشاور کے پروو وائس چانسلر ڈاکٹر نعیم قاضی تھے جنہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل آئیڈیاز کو سراہا۔ڈاکٹر نعیم قاضی نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی آف پشاور ہمیشہ ایسے تخلیقی اور تحقیقی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو سماجی اور ماحولیاتی بہتری میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے آئیڈیاز ہی معاشرے میں تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔ تقریب کے ججز فرائض واش سیکٹرسے توحید بی بی، میڈیا سے فرحان اللہ خلیل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے صادق جان نے انجام دیے۔اس موقع پر تقریب کے آرگنائزر سائنس سوسائٹی یونیورسٹی آف پشاور ڈاکٹر شوکت علی، اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر واٹسن س عمران اللہ، واش ایکسپرٹ محمد یونس اور پیٹرن اِن چیف یونیورسٹی آف پشاور اسٹوڈنٹ سوسائٹیز ڈاکٹر نور زادہ بھی موجود تھے۔ڈیجیٹل انوویشن چیلنج میں خیبر پختونخوا کی آٹھ جامعات نے شرکت کی جن میں اباسین یونیورسٹی پشاور، سٹی یونیورسٹی پشاور، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز حیات آباد پشاور، خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، یونیورسٹی آف بونیراور میزبان یونیورسٹی آف پشاور شامل تھیں۔تمام جامعات کے طلبہ و طالبات نے اپنی ڈیجیٹل انوویشن تجاویز پیش کیں جن کا مقصد پانی کے استعمال میں بچت، ہاتھ دھونے کی بہتر عادات اور صحت عامہ کی آگاہی سے متعلق نئے طریقے متعارف کرانا تھا۔ طلبہ نے مختلف ایپلیکیشنز، ماڈلز اور آگاہی مہمات کے آئیڈیاز پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ججز کے فیصلے کے مطابق تین جامعات کو نمایاں کارکردگی پر پوزیشن ہولڈرز قرار دیا گیا۔ بونیر یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن، دوسری پوزیشن اباسین یونیورسٹی اور تیسری پوزیشن سٹی یونیورسٹی نے حاصل کی۔ پوزیشن حاصل کرنے والی یونیورسٹیوں کے طلباء کو شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔ تقریب کے آخر میں ججز اور مہمانوں میں خوبصورت پودوں کے گملے تقسیم کیے گئے تاکہ ماحولیاتی آگاہی کے پیغام کو مزید تقویت دی جا سکے۔اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر عمران اللہ نے کہا کہ لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا کے تحت صوبے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نوجوانوں کے ساتھ ایسے اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر منتظمین نے کہا کہ اس نوعیت کے انوویشن چیلنجز نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ ان میں عملی میدان میں کام کرنے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔
