کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) خیبر پختونخوا کے صوبائی ٹیم لیڈ ڈاکٹر خالد عبدالرحیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیو کی مجموعی صورتحال، جاری انسداد پولیو مہم اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر خالد عبدالرحیم نے کمشنر ہزارہ کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے فراہم کی جانے والی بھرپور معاونت اور فعال قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر ہزارہ کی رہنمائی اور انتظامی تعاون سے فیلڈ کارکردگی میں نمایاں بہتری اور مانیٹرنگ نظام میں استحکام پیدا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایچ او تمام سطحوں پر تکنیکی معاونت اور قریبی ہم آہنگی جاری رکھے گا تاکہ خطے کو پولیو سے مکمل طور پر پاک رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر جہانگیر خان، فوکل پرسن ڈبلیو ایچ او پی ای او سی ہزارہ، ڈاکٹر طیّبہ ممتاز، ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ہزارہ ڈویژن، اور ڈاکٹر اسامہ شبیر، ڈویژنل ای پی آئی آفیسر ڈبلیو ایچ او بھی موجود تھے۔کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے ڈبلیو ایچ او ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم کو مزید مضبوط بنانے اور پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی
