وزیر بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار اور مجموعی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات اسلم ثاقب رضا سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور وزیر بلدیات کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بندوبستی اضلاع کے لیے 53 سکیمیں، ضم اضلاع کے لیے 4 سکیمیں، جبکہ انٹیگریٹڈ ایکسیلیریٹڈ پروگرام کے تحت 12 سکیمیں شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 2 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں، جنہیں صوبے بھر میں بلدیاتی نظام اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے عملدرآمد میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن اور سفارش کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے، اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
مینا خان آفریدی نے ہدایت کی کہ تمام جاری سکیموں کی تکمیل کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بلدیات صوبے میں خدمات کی فراہمی، شہری ترقی اور مقامی حکومتوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، اور حکومت عوامی مفاد کے ہر منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں