خیبرپختونخوا کے وزیر برائے بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور کے سالڈ ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے پر پیش رفت اور عملدرآمد کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں چراٹ سیمنٹ کمپنی کی جانب سے ایڈیشنل جنرل منیجر ظفر علی خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری بلدیات اسلم ثاقب رضا اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی پشاور (WSSP) یاسر بھی اجلاس میں موجود تھے۔وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ چراٹ سیمنٹ کمپنی کے ساتھ سالڈ ویسٹ انرجی پروپوزل کو نومبر کے آخر تک فائنل کرکے عملی کام شروع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈبلیو ایس ایس پی کے ذریعے جمع شدہ کوڑا کرکٹ کو کمپنی کو فروخت کیا جائے گا، جبکہ اگلے مرحلے میں صوبے کے دیگر اضلاع کے سالڈ ویسٹ کو بھی شامل کیا جائے گا۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ سے توانائی کی پیداوار نہ صرف آمدنی میں اضافے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ایک ماحول دوست اور پائیدار اپروچ بھی ہے، جس سے فضلے کے مؤثر انتظام کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔انہوں نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تکنیکی، قانونی اور ماحولیاتی پہلوؤں کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔وزیر بلدیات نے کہا کہ صوبائی حکومت صاف اور سرسبز خیبرپختونخوا کے وژن کے تحت ماحول دوست منصوبوں کی مکمل سرپرستی کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
